چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے بعد اسپتال کی جانب سے متعلقہ اطلاعات فراہم کی گئی ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی کی آنکھ کا فالو اپ پروسیجر مکمل کیا گیا ہے اور بتایا گیا کہ انہیں اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تھا تاکہ طبی مراحل مکمل کیے جا سکیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پارٹی اور بانی کی فیملی کا مطالبہ یہ ہے کہ بانی کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ان کا معائنہ ان کے ذاتی معالجین کی موجودگی میں کیا جا سکے۔ ان کے بقول یہ اقدام بانی کی صحت کے بہترین تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز اسپتال کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو آنکھ کے علاج کے فالو اپ کے سلسلے میں اینٹی وی ای جی ایف انٹرا ویٹرل انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ علاج کے دوران اور بعد میں بانی کی طبی حالت مستحکم رہی اور تمام اقدامات مقررہ پروٹوکول کے مطابق کیے گئے۔
عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے لیے پمز منتقل، دوسری اینٹی وی ای جی ایف خوراک دے کر ڈسچارج
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پارٹی کی درخواست ہے کہ بانی کے علاج میں کسی قسم کی کمی نہ ہو اور تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ ان کی صحت پر کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اور بانی کی فیملی کی ترجیحات کے مطابق اسپتال انتظامیہ سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔
