کچے کے علاقے میں ریاستی رٹ بحال، 100 فیصد کلیئرنس کا دعویٰ: مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ راجن پور اور کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے اور وہاں ریاستی رٹ مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے۔ کچے میں جاری آپریشن سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر نے “ریاست کے اندر ریاست” قائم کر رکھی تھی اور مقامی آبادی خوف کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور تھی۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے ہنی ٹریپ جیسے حربے استعمال کر کے لوگوں کو اغوا کیا جاتا تھا اور تاوان وصول کیا جاتا تھا۔ ان کے مطابق ابتدا میں انہیں بتایا گیا تھا کہ کچے میں آپریشن نہایت دشوار ہے، تاہم حکومت نے چیلنج قبول کرتے ہوئے رحیم یار خان اور راجن پور کے دریائی علاقوں میں فیصلہ کن کارروائی کی۔

مریم نواز نے کہا کہ آپریشن کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پاک فوج کی معاونت حاصل رہی۔ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے سرویلنس نظام کو مؤثر بنایا گیا، جس کے تحت ڈرون کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایک ملزم کو ٹریک کر کے کارروائی کی گئی۔

مریم نواز کا بلوچستان کے سکیورٹی فورسز کیلئے 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان

انہوں نے سندھ پولیس اور حکومتِ سندھ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مشترکہ کارروائی میں تعاون کیا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق اس آپریشن کے نتیجے میں 500 سے زائد ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے جبکہ کارروائی کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مریم نواز نے کہا کہ کچے کا علاقہ جو کبھی خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا، اب قانون کی عملداری کی مثال بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ ان کے بقول، “الحمدللہ پنجاب اب محفوظ ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter