سابق کپتان محمد وسیم اکرم کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹیلینز کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹیم کا آفیشل لوگو بھی پہلی بار منظرِ عام پر لایا گیا۔
یہ اعلان لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں الفا اوزی اسپورٹس کی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں وسیم اکرم نے آن لائن شرکت کی۔ صدر کے طور پر انہوں نے ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ سیالکوٹ اسٹیلینز کو ایک مضبوط اور کامیاب فرنچائز بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں سیالکوٹ اسٹیلینز کے ہیڈ کوچ ٹیم پین اور کو-اونرز حمزہ مجید و محمد شاہد بھی موجود تھے، جنہوں نے لیگ میں جدید فیچرز متعارف کروانے، کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے معیار کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سیالکوٹ اسٹالینز کا بڑا فیصلہ، ٹم پین ہیڈ کوچ مقرر
الفا اوزی اسپورٹس کی چیئرپرسن صبیحہ سلطان نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ ادارہ مستقبل میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کرے گا تاکہ پاکستان میں خواتین کے کھیل کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے بھی تقریب میں شرکت کی اور سیالکوٹ اسٹیلینز کے اقدام کو لیگ اور پاکستانی کرکٹ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
