کیوبیک کی سیاستدان مروہ رزقی نے مونٹریال میں ایک ٹی وی شو کے دوران بیک وقت 360 ٹائیاں پہن کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا، یہ ریکارڈ اس سے قبل برازیل کے ڈیوڈ ایپریسیڈو کے پاس تھا۔
مونٹریال: کیوبیک کی معروف سیاستدان مروہ رزقی نے ایک منفرد اور دلچسپ عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے بیک وقت سب سے زیادہ ٹائیاں پہننے کا ریکارڈ قائم کیا۔
یہ منفرد کارنامہ ٹی وی پروگرام “Infoman” کے دوران پیش آیا جہاں مروہ رزقی نے 360 ٹائیاں ایک ساتھ پہن کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ برازیل کے ڈیوڈ ایپریسیڈو کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں 330 ٹائیاں پہن کر ریکارڈ بنایا تھا۔
مروہ رزقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ چیلنج اس بات کو ثابت کرنے کے لیے قبول کیا کہ خواتین بھی مردوں کے برابر ہیں اور وہ ایسے منفرد چیلنجز میں حصہ لے سکتی ہیں۔
ریکارڈ بنانے کے عمل میں تقریباً 48 منٹ لگے۔ تمام ٹائیاں پہلے سے باندھی گئی تھیں، اور ریکارڈ توڑنے کے بعد مزید 30 ٹائیاں پہن کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر مروہ کا چہرہ ٹائیوں کے ڈھیر میں تقریباً چھپ گیا تھا، جب کہ ناظرین نے زبردست تالیاں بجا کر ان کا حوصلہ بڑھایا۔
مروہ رزقی کی یہ کامیابی سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بن گئی ہے اور لوگ نہ صرف ان کے عزم کو سراہ رہے ہیں بلکہ اس دلچسپ ریکارڈ پر خوشگوار ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔