سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ خلیج تعاون کونسل (GCC) کے ممالک کے شہری اور وہاں کے رہائشی اب سال کے کسی بھی وقت عمرہ ادا کرنے کے اہل ہیں۔
وزارت کے مطابق جی سی سی ممالک کے شہریوں کو سعودی عرب میں داخلے کے لیے زمینی، ہوائی اور سمندری راستوں سے رسائی حاصل ہے۔ عمرہ کے لیے اجازت نامے (permits) آسانی سے "نسک” (Nusuk) ایپ یا ویب سائٹ (nusuk.sa) کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اب نہ صرف جی سی سی کے شہری بلکہ ان ممالک میں رہائش رکھنے والے غیر ملکی افراد بھی مختلف ویزوں پر عمرہ ادا کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ متعلقہ شرائط پوری کرتے ہوں۔
مزید یہ کہ مقدس مقامات تک رسائی کے لیے ہر زائر کو، خواہ وہ شہری ہو یا غیر ملکی رہائشی، روضۂ رسول ﷺ (مسجد نبوی میں ریاض الجنہ) میں حاضری کے لیے بھی نسک ایپ کے ذریعے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوگا۔
یاد رہے، سعودی عرب نے 10 جون 2025 کو بین الاقوامی زائرین کے لیے عمرہ ویزے کا اجراء دوبارہ شروع کیا تھا اور 11 جون سے نسک کے ذریعے پرمٹ جاری کرنے کا عمل بھی بحال ہو چکا ہے۔