امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران پر حملے کے بعد امریکی میڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، کہا کہ میڈیا من گھڑت خبریں پھیلا کر ٹرمپ کی کامیابی کو چھپانا چاہتا ہے، ایرانی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
واشنگٹن، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران پر حالیہ امریکی حملے کے بعد ایک اہم پریس کانفرنس میں امریکی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بعض چینل جھوٹی رپورٹس چلا کر ٹرمپ کی تاریخی کامیابی کو داغدار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پینٹاگون میں پریس بریفنگ کے دوران وزیر دفاع نے واضح کیا کہ امریکی افواج نے "آپریشن مڈنائٹ ہیمر” کے ذریعے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور انتہائی مہارت کے ساتھ اپنا مشن مکمل کیا۔ آئی اے ای اے اور سی آئی اے دونوں کی رپورٹس اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ امریکی و اسرائیلی حملوں سے ایران کی جوہری صلاحیت کو کئی برس پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکی میڈیا کا ایک طبقہ جان بوجھ کر گمراہ کن اطلاعات پھیلا رہا ہے تاکہ صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کو ناکام ظاہر کیا جا سکے۔ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ ٹرمپ کامیاب ہوں، اس لیے فوج کے شاندار آپریشن کو چھوٹا کر کے پیش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے انکشاف کیا کہ قطر میں امریکی ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملے کی پیشگی اطلاع تھی، جس کے باعث تمام حملے ناکام بنائے گئے۔ جنرل کین نے فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آپریشن میں شامل اہلکاروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران ایران کی جوہری تنصیبات پر کیے گئے بمباری کی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جسے ’’تاریخی کامیابی‘‘ قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ ایران کی وزارت خارجہ اور رہبر اعلیٰ خامنہ ای ان حملوں کو امریکا اور اسرائیل کی ناکامی قرار دے چکے ہیں، جبکہ زمینی نقصانات کی تفصیل اب بھی عالمی سطح پر زیرِ بحث ہے۔