مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، قید میں ہونے کے باوجود بانی تحریکِ انصاف حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہیں۔
پشاور، خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانی تحریکِ انصاف عمران خان کو سیاسی منظرنامے سے مائنس کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، اور اب بھی عمران خان مخالفین کے اعصاب پر سوار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کے سیاسی کردار کو ختم کرنے کے لیے آئین، قانون اور انصاف کے اصولوں کو روندنے کی کوشش کی گئی، مگر اس کے باوجود مخالفین کامیاب نہیں ہو سکے۔ ان کے بقول تحریکِ انصاف کے بعض کارکن بھی نادانستہ طور پر اس منفی مہم کی لپیٹ میں آئے، لیکن عوام نے ہمیشہ حقیقت کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت آج بھی عمران خان کے ساتھ ہے اور وہ انہیں مائنس نہیں بلکہ پلس کر رہے ہیں۔ قید میں ہونے کے باوجود عمران خان کی سیاسی موجودگی اتنی مؤثر ہے کہ حکمران ان کے نام سے بھی خوف محسوس کر رہے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ جعلی حکمران عمران خان کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور مسلسل ذہنی دباؤ میں مبتلا ہیں۔ مخالفین جتنا بھی زور لگا لیں، عمران خان کی عوامی طاقت اور نظریاتی وابستگی کو کمزور نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ عمران خان اس وقت مختلف مقدمات میں قید ہیں، تاہم تحریکِ انصاف کے رہنما مسلسل دعویٰ کرتے آئے ہیں کہ ان کے بغیر کوئی بھی سیاسی سیٹ اپ عوام میں مقبولیت حاصل نہیں کر سکتا۔ گزشتہ دنوں مختلف سیاسی حلقوں میں عمران خان کو سیاسی طور پر الگ کرنے کی چہ میگوئیاں جاری تھیں، جن پر پی ٹی آئی کی قیادت نے سخت ردِعمل دیا ہے۔