وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایران نے جارحانہ انداز میں اپنا دفاع کیا، جنگ بندی اسرائیلی دعووں کی نفی ہے، عالمِ اسلام کو دو بڑی فتوحات حاصل ہوئیں۔
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ایک بڑے دشمن کے خلاف شجاعت اور حکمت سے مقابلہ کیا اور ثابت کیا کہ وہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سے جاری بیان میں خواجہ آصف نے ایرانی قیادت اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی حوصلہ مندی و مستقل مزاجی کو قابلِ تقلید قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں جس طرح اپنا دفاع کیا، وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے بقول، اسرائیل کے جھوٹے دعوے جنگ بندی کے بعد بے نقاب ہو گئے ہیں۔ وزیر دفاع نے اس موقع پر ایک تاریخی نکتہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں عالمِ اسلام کو دو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں: ایک پاکستان کی بھارت پر، اور دوسری ایران کی اسرائیل کے خلاف، جو مسلم دنیا کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ یہ دونوں "جڑواں فتوحات” امتِ مسلمہ کی اجتماعی طاقت اور ایمان کی عکاس ہیں۔ انہوں نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فلسطین اور خصوصاً غزہ کے مسلمانوں پر رحم فرمائے، اور ان کے دکھوں کا جلد مداوا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی فتح و آزادی کے لیے دعاگو ہے۔
یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خدشات کو بڑھا دیا تھا، تاہم عالمی سفارتی کوششوں اور فریقین کے مفادات کے پیشِ نظر جنگ بندی پر اتفاق ہوا، جسے خطے میں امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔