ترکیہ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کریں اور امریکی اعلان کردہ جنگ بندی کا احترام کریں۔
استنبول: ترکیہ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی لانے کے لیے طے پانے والی جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ اسرائیل اور ایران جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔ بیان میں زور دیا گیا کہ دونوں فریق امریکی اعلان کردہ جنگ بندی کا مکمل احترام کریں تاکہ خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کی کوششوں کو تقویت مل سکے۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ترکیہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ ایران اور اسرائیل باہمی دشمنی اور عسکری تصادم کے بجائے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیں۔ بیان میں اس امر کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی کہ فریقین کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے سفارتی روابط قائم رکھیں اور عالمی برادری کی کوششوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ ترکیہ نے مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان تناؤ اپنے عروج پر پہنچ گیا تھا، تاہم امریکی دباؤ اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں جنگ بندی پر اتفاق ممکن ہو سکا۔ ترکیہ، جو خطے میں ایک اہم جغرافیائی اور سفارتی حیثیت رکھتا ہے، اس سے قبل بھی فلسطین اور اسرائیل تنازع میں ثالثی کی متعدد کوششیں کر چکا ہے۔