چاہت فتح علی خان کا متنازع گانوں پر وضاحتی بیان سامنے آگیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سوشل میڈیا کی متنازع شخصیت چاہت فتح علی خان نے اپنے گانوں کے الفاظ اور خواتین سے رویے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب صرف ایکٹنگ اور تفریح کا حصہ ہے، حقیقی زندگی میں ایسا کچھ نہیں کرتے۔

لاہور: سوشل میڈیا پر اپنی انوکھی گائیکی، متنازع ویڈیوز اور بیانات کے باعث شہرت حاصل کرنے والے خودساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے حالیہ پوڈکاسٹ انٹرویو میں اپنے رویے اور گانوں کے بول پر تنقید کا جواب دیا ہے۔ انہوں نے وضاحت دی کہ جو کچھ وہ کرتے ہیں وہ محض تفریح اور ایکٹنگ کا حصہ ہے، اس میں کسی قسم کی فحاشی یا غیر اخلاقی مقصد شامل نہیں ہوتا۔

latest urdu news

پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے ان سے ان کے مقبول گانے "پاؤ پاؤ” پر سوال کیا، جس میں استعمال کیے گئے الفاظ کو ذو معنی اور اخلاقی حدود سے گری ہوئی زبان قرار دیا گیا۔ جواباً چاہت فتح علی خان نے مزاحیہ انداز میں گانے کے بول دہراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ محض ایک گانا ہے، اس میں کچھ فحش نہیں۔ تاہم، آخر میں انہوں نے تسلیم کیا کہ بطور عوامی شخصیت انہیں اپنی زبان اور اندازِ گفتگو پر زیادہ احتیاط برتنی چاہیے۔

ان سے جب خواتین کے ساتھ ویڈیوز میں غیر سنجیدہ یا قابلِ اعتراض رویے پر سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک اسکرپٹڈ سیٹ اپ ہوتا ہے، اصل زندگی میں وہ ایسا کچھ نہیں کرتے۔ ان کے بقول، بعض سینز کو سوشل میڈیا پر دانستہ طور پر غلط پیش کیا جاتا ہے تاکہ تنازع پیدا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو ان کی حرکات سے اعتراض ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں، مگر یہ سب تفریح کے دائرے میں ہے۔

یاد رہے کہ ماضی میں اداکارہ متھیرا سمیت کئی مشہور شخصیات چاہت فتح علی خان پر تنقید کر چکی ہیں، جن کا مؤقف تھا کہ عوامی مقام پر خواتین سے غیر مناسب رویہ اختیار کرنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ان بیانات اور ویڈیوز کے بعد کئی حلقے ان پر پابندی یا ضابطہ اخلاق کی ضرورت پر بھی زور دیتے رہے ہیں۔

چاہت فتح علی خان نے سوشل میڈیا پر اپنی متنازع گائیکی اور حرکات سے شہرت حاصل کی، اور ان کے بیانات اکثر اخلاقی و سماجی حدود کی بحث چھیڑ دیتے ہیں۔ ان کا ہر نیا انٹرویو یا گانا ایک نئی بحث کو جنم دیتا ہے، جس میں عوام کا ردعمل دو انتہاؤں پر بٹا ہوتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter