وادیٔ کاغان کے مقام سوہنی آبشار پر گلیشیئر کا ایک حصہ بیٹھنے سے لاہور کے تین سیاح جان کی بازی ہار گئے، حادثے میں باپ اور بیٹا بھی شامل۔
ناران: وادیٔ کاغان میں واقع سوہنی آبشار کے مقام پر گلیشیئر کا ایک حصہ اچانک بیٹھنے سے افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں تصویر بنانے میں مصروف باپ بیٹے سمیت تین سیاح جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیاح گلیشیئر کے نیچے کھڑے ہو کر یادگار لمحات کو کیمرے میں قید کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے سیاحوں کا تعلق لاہور کے علاقے مغل پورہ سے تھا۔ ان کی شناخت 35 سالہ طاہر، 13 سالہ ابوبکر اور 22 سالہ طیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے نے علاقے میں غم و اندوہ کی فضا پیدا کر دی، جب کہ دیگر سیاحوں کو بھی فوری طور پر وہاں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
افسوسناک حادثے پر خیبرپختونخوا کے مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مستحکم قدرتی علاقوں میں جانے اور سیلفیاں لینے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے سبق لیتے ہوئے سیاحتی مقامات پر احتیاطی تدابیر کی آگاہی کو بڑھایا جائے گا اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ وادیٔ کاغان میں اس سے قبل بھی موسم کی شدت یا قدرتی حادثات کے باعث ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں، تاہم بڑھتے ہوئے سیاحتی رجحان کے پیشِ نظر ماہرین بارہا قدرتی مقامات پر احتیاط برتنے کی تلقین کرتے آئے ہیں۔