اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گیلنٹ کاٹز نے ایران کے حالیہ حملوں کے جواب میں انتہائی سنگین بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی موجودہ جنگ کا بنیادی ہدف ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا خاتمہ ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ "ان تمام حملوں کے پیچھے ایک ہی دماغ اور ایک ہی حکم ہے، اور وہ خامنہ ای ہیں۔ اب ہم اُن کے خاتمے کے لیے براہِ راست اقدامات کریں گے۔”
دوسری جانب تازہ ترین حملوں میں ایران نے اسرائیل کے جنوبی شہر بیرشیبہ پر ایک بار پھر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کردی، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید مالی نقصان ہوا۔ حملے کے دوران متعدد گاڑیاں جل گئیں جبکہ مائیکروسافٹ آفس کے قریب ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہو گئیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، یہ حملہ جمعے کی صبح کیا گیا اور میزائل ایک رہائشی علاقے میں آ گرا۔ حملے سے عمارتوں، انفرا اسٹرکچر اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچا، تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈم کا کہنا ہے کہ حملے کے فوراً بعد فائرفائٹرز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور فوری طور پر آگ بجھانے کا کام شروع کردیا گیا۔