ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، ورامن کے گورنر حسین عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے فضائی دفاعی نظام نے ایک اور اسرائیلی F-35 لڑاکا طیارے کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ یہ کارروائی تہران کے جنوب مشرق میں واقع شہر ورامن کے قریب کی گئی۔
گورنر کے مطابق، جدید طیارے کو ایران کے دفاعی نظام نے ہدف بنایا اور کامیابی سے تباہ کیا، جس کے بعد علاقے میں فوجی سرگرمیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
یہ واقعہ ایران اور اسرائیل کے مابین اُس وقت پیش آیا جب جمعے سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی محاذ پر جھڑپیں جاری ہیں۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ اب تک وہ اسرائیل کے پانچ ایف-35 لڑاکا طیارے مار گرا چکا ہے۔
اس سے قبل ایرانی فورسز نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے دو اسرائیلی پائلٹس کو حراست میں لیا ہے، جن میں ایک خاتون پائلٹ بھی شامل ہے۔ تاہم اسرائیل نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، زیرِ حراست پائلٹس کی تصاویر جلد جاری کی جائیں گی، جس کے بعد عالمی سطح پر ان دعوؤں کی صداقت کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔
کشیدگی کے دوران یہ پیش رفت خطے کی صورتحال کو مزید نازک بنا سکتی ہے۔