تل ابیب میں ایرانی میزائل حملے سے امریکی سفارتخانے کو نقصان، اہلکار محفوظ رہے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں واقع امریکی سفارت خانے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ امریکی سفیر کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام امریکی اہلکار محفوظ ہیں۔ حملے کے بعد سفارت خانے کو آج کے روز بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، ایران نے صبح سویرے ایک بار پھر اسرائیل پر بڑا میزائل حملہ کیا، جس میں تقریباً 100 میزائل داغے گئے۔ ان حملوں کے دوران تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

latest urdu news

اسرائیلی دفاعی نظام نے کئی میزائلوں کو فضا میں ناکام بنانے کی کوشش کی، تاہم متعدد میزائل اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ حیفا میں پاور پلانٹ پر میزائل لگنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں وسیع پیمانے پر بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔

اتوار کی شب بھی ایران نے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر میزائل حملے کیے تھے، جن میں کئی عمارتیں شدید متاثر ہوئیں۔ حیفا میں ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوئے۔

ادھر سفارتی ذرائع کے مطابق، ایران نے خلیجی ثالث ممالک قطر اور عمان کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ حالتِ جنگ میں کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کرے گا۔ ایران کا مؤقف ہے کہ جب تک اسرائیل حملے بند نہیں کرتا، اس وقت تک مذاکرات کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے، اور عالمی برادری ان حملوں اور ردعمل پر گہری تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتیں فوری جنگ بندی اور سفارتی حل پر زور دے رہی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter