کوئی نیا ٹیکس نہیں، پنجاب کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب اسمبلی میں مالی سال 2025-26 کے لیے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، جس کا حجم 6250 ارب روپے ہے۔

وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کے مطابق اس بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی وژن کا ترجمان ہوگا، جس میں تعلیم اور صحت پر سب سے زیادہ فوکس کیا گیا ہے۔

latest urdu news

سوشل سیکٹرز کے لیے 493 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں جاری سوشل اسکیموں کے لیے 214.93 ارب روپے، نئی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 130.51 ارب روپے اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کے لیے 148.04 ارب روپے شامل ہیں۔ سکول ایجوکیشن کے لیے 100 ارب روپے، ہائر ایجوکیشن کے لیے 39.5 ارب روپے، خصوصی تعلیم کے منصوبوں پر 5 ارب روپے اور نان فارمل ایجوکیشن کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صحت کے لیے مجموعی طور پر 191.34 ارب روپے

صحت کے شعبے میں سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن کے لیے 95 ارب روپے، ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے لیے 86 ارب روپے اور جاری منصوبوں کے لیے 10.34 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر 120 ارب روپے جبکہ شہری ترقی کے منصوبوں پر 120.76 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ توانائی منصوبوں کے لیے 7.5 ارب روپے، زراعت کے لیے 80 ارب روپے، اور لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سروسز سیکٹر کی ترقی کے لیے 141.6 ارب روپے، گورننس اور آئی ٹی منصوبوں پر 20 ارب روپے، لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے لیے 20 ارب روپے اور ریسکیو 1122 کے لیے 1.2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے 80 ارب روپے، ماحول و موسمیاتی تبدیلی کے لیے 15 ارب روپے، اطلاعات و ثقافت کے لیے 5 ارب روپے اور محکمہ آثار قدیمہ کے لیے 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

مختلف اضلاع کے خصوصی منصوبے

صنعت، سرمایہ کاری و تجارت کے لیے 12 ارب روپے جبکہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لیے 38 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مختلف اضلاع میں ٹیکنیکل ایجوکیشن، ہنر مند نوجوان پروگرام، سپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل زونز کے لیے بھی خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں، جن میں:

  • سیالکوٹ: مشینری کی تنصیب 1 ارب، نیا کالج 4 ارب، فنی تعلیم 3 ارب
  • ڈی جی خان: ہنر مند نوجوان پروگرام 2 ارب
  • رحیم یار خان: سپیشل اکنامک زون 1 ارب
  • ساہیوال: فنی تعلیم 1.5 ارب
  • راولپنڈی: سپیشل اکنامک زون 1.5 ارب، ہنر مند نوجوان پروگرام 2 ارب
  • گوجرانوالہ: روزگار اسکیم 2 ارب، انڈسٹریل زون 2 ارب، لیپ ٹاپ پروگرام 2.3 ارب، سپیشل اکنامک زون 2 ارب
  • فیصل آباد: ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر 3 ارب، ہنر مند نوجوان پروگرام 3 ارب، یونیورسٹی کیمپس 3 ارب، گرلز کالجز کی توسیع 1 ارب
  • ملتان: فنی تعلیم 2 ارب
  • بہاولپور: سپیشل اکنامک زون 3 ارب
  • لاہور: ایمرجنسی سروسز کی بہتری 5 ارب

پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو روز وقفے کے بعد آج صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ پہلے سیشن میں معمول کی کارروائی جبکہ سہ پہر 3 بجے دوسرے سیشن میں بجٹ پیش کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اجلاس میں شرکت کریں گی۔ مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter