دور درشن نے اکتوبر 2024 کی پرانی ویڈیو کو حالیہ حملہ ظاہر کر کے اسرائیل کی تعریف کی، معروف مفکر سندیپ منودھنے نے سرکاری میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
نیو دہلی: ایران پر اسرائیلی جارحیت کے معاملے پر بھارت کا سرکاری میڈیا "دور درشن” گمراہ کن رپورٹنگ کا سہارا لیتے ہوئے اسرائیل کی تعریفوں کے پل باندھنے لگا۔ بھارتی قومی نشریاتی ادارے نے ایک پرانی ویڈیو کو حالیہ اسرائیلی حملہ قرار دے کر ایران کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی، جو عالمی سطح پر بھارت کی صحافتی اخلاقیات پر بڑا سوالیہ نشان بن گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دور درشن نے اکتوبر 2024 کی ایک پرانی ویڈیو نشر کی اور اسے حالیہ حملے کا منظر بتا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ نیوز کاسٹر نے دعویٰ کیا کہ "اسرائیلی حملے سے ایران کانپ اٹھا”، یہ وہ میڈیا ہے جو عوام کے ٹیکس سے چلتا ہے، لیکن اس کی غیر ذمہ دارانہ صحافت نہ صرف بھارت بلکہ پورے خطے کی ساکھ پر اثر ڈال رہی ہے۔
بھارت کے معروف مفکر اور تجزیہ نگار سندیپ منودھنے نے سرکاری چینل کی اس حرکت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ایران میں سرمایہ کاری موجود ہے اور ایران اس کا قریبی دوست ہے۔ ایسے وقت میں ایسی جعلی خبریں بھارت کی دوغلی خارجہ پالیسی کا مظہر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ غیر ذمہ دار رپورٹنگ سفارتی جرم کے زمرے میں آتی ہے اور گودی میڈیا صرف حکومت کے پروپیگنڈے کو بڑھاوا دینے میں مصروف ہے۔ سندیپ منودھنے کا تجزیہ بھارتی میڈیا کے اس کردار پر چبھتا ہوا سوال بن چکا ہے کہ وہ کس کے مفادات کے لیے جھوٹ پھیلا رہا ہے۔
ایرانی عوام اور ریاست نے بھی بھارتی میڈیا کی ان حرکات پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ عالمی صحافتی ادارے اور میڈیا واچ گروپس بھارتی میڈیا کے اس رویے کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دے چکے ہیں، اور دور درشن جیسے ادارے اب سفارتی بحران پیدا کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا پر اس سے قبل بھی فیک نیوز اور جھوٹی ویڈیوز چلانے کے الزامات لگ چکے ہیں، خاص طور پر پاکستان اور چین سے متعلق رپورٹس میں اسے کئی بار جھوٹے پروپیگنڈے میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ دور درشن جیسے قومی اداروں سے ایسی حرکتیں بھارت کی عالمی ساکھ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔