لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکس بڑھانے کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوام پر بلاوجہ مالی بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت دی ہے کہ صوبے میں تمام نان رجسٹرڈ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ "ایسا نظام نہیں چلے گا جس میں ٹیکس دینے والا سزا کا حقدار ہو اور چوری کرنے والا بچ نکلے۔”
مریم نواز نے کہا کہ ہمارا ہدف ٹیکس کی شرح بڑھانا نہیں بلکہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے، تاکہ زیادہ لوگ ٹیکس سسٹم میں آئیں اور کم بوجھ زیادہ افراد میں تقسیم ہو۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ "2 لاکھ روپے تنخواہ لینے والا ٹیکس دیتا ہے، لیکن کروڑوں کمانے والا ٹیکس سے بچ نکلتا ہے، یہ ناانصافی مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔”
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی، مائنز اینڈ منرلز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو بڑھانے کے نئے ذرائع تلاش کریں تاکہ صوبے کی مالی حالت بہتر ہو لیکن عوام پر براہ راست بوجھ نہ پڑے۔