صیہونی فورسز کے خیمہ نشین، امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے، 24 گھنٹوں میں 95 افراد شہید، 440 زخمی، مجموعی شہدا کی تعداد 54 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
غزہ میں اسرائیلی افواج کی دہشتگردی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ صیہونی فورسز نے ایک بار پھر نہتے فلسطینیوں کو وحشیانہ بمباری اور زمینی حملوں کا نشانہ بنایا، جن میں بے گھر، امداد کے متلاشی، اور خیموں میں مقیم شہریوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 95 فلسطینی شہید اور 440 شدید زخمی ہوئے۔
گزشتہ حملوں کی تفصیلات کے لیے، آپ ہماری دوسری رپورٹ بھی دیکھ سکتے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں 38 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
طبی سہولیات کی تباہی اور ادویات کی قلت کی وجہ سے زخمیوں کو بروقت علاج میسر نہیں، جس سے اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 54 ہزار 607 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 25 ہزار 341 سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام نے تشویش ظاہر کی ہے کہ موجودہ حالات میں 50 ہزار سے زائد حاملہ خواتین خوراک اور دوا کی قلت کے باعث جان کے خطرے سے دوچار ہیں۔
عینی شاہدین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے صورت حال کو بدترین انسانی المیہ قرار دیا ہے، جہاں خون کی کمی، طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور شدید بمباری ہر دن کو قیامت بنا رہی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جانب سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری حملوں نے شہری انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے، لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور دنیا بھر سے اسرائیل کے خلاف شدید مذمت کے باوجود ظلم کا یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔