کراچی: ڈیفنس کے علاقے میں نوجوان پر تشدد کے واقعے میں ملوث ایک اور ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا، جس کے بعد اس کیس میں گرفتار افراد کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق، گرفتار ہونے والا نیا ملزم واقعے کی ویڈیو میں واضح طور پر نوجوان پر تشدد کرتے ہوئے نظر آیا، جسے ویڈیو فوٹیج کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ واقعہ یکم جون کو ڈیفنس کے خیابان اتحاد کمرشل ایریا میں پیش آیا تھا، جہاں ایک گاڑی سوار نے معمولی ٹکر کے بعد موٹرسائیکل سوار نوجوان پر وحشیانہ تشدد کیا۔ متاثرہ نوجوان اپنی بہنوں کے ہمراہ جا رہا تھا جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گزشتہ روز گرفتار کر لیا تھا، جس کے بعد مسلسل چھاپوں کے دوران مزید افراد کو بھی حراست میں لیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔