وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف بی آر اجلاس میں کہا کہ حالیہ معاشی اشاریے حکومت کی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہیں، کرپشن کے خاتمے اور ادارہ جاتی اصلاحات پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اسلام آباد، وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور حالیہ مثبت معاشی اشاریے حکومت کی مؤثر حکمت عملیوں کا ثبوت ہیں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی، اصلاحات اور محصولات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایف بی آر اصلاحات کو تیز کیا جا رہا ہے، جس کے بارے میں مزید تفصیلات کے لیے یہاں ملاحظہ کریں۔ مزید پڑھیں
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایف بی آر اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم سمیت متعدد اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن سے کرپشن کے امکانات کم ہو رہے ہیں اور شفافیت بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اداروں میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ اصلاحات پر عمل کر رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری کوششوں کا محور ایک مضبوط، شفاف اور ترقی یافتہ پاکستان ہے، اور ہم اسے ہر حال میں ممکن بنائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی معیشت گزشتہ چند برسوں سے سخت دباؤ کا شکار رہی ہے، تاہم حالیہ مہینوں میں زرمبادلہ ذخائر، ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں بہتری کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جنہیں حکومت اپنی پالیسیوں کا ثمر قرار دے رہی ہے۔