اتوار, 1 جون , 2025

پاکستان کی ریڈ لائن پانی ہے، کشمیر پر کوئی سودہ ممکن نہیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے راولپنڈی میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، تعلیم، کردار سازی، اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

latest urdu news

اساتذہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں اساتذہ کرام کو قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا:
"میں آج جو کچھ بھی ہوں، اپنے والدین اور اساتذہ کی وجہ سے ہوں۔ پاکستان کی آئندہ نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ آپ نے پاکستان کی سچی کہانی نئی نسلوں تک پہنچانی ہے، تاکہ وہ اپنے ملک کی تاریخ، قربانیوں اور نظریاتی بنیادوں سے واقف رہیں۔”

کشمیر ہماری شہ رگ ہے، بھارت کو واضح پیغام
فوجی سربراہ نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا:
"مقبوضہ کشمیر کا کوئی بھی سودہ ممکن نہیں۔ بھارت جان لے کہ پاکستان کبھی کشمیر سے دستبردار نہیں ہوگا۔ دہائیوں سے کشمیر کو دبانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، اور اب یہ مسئلہ مزید دبایا نہیں جا سکتا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے، جس کی جڑیں اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں کے خلاف جاری ظلم اور تعصب میں پیوستہ ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی جانب سے آبی وسائل پر ممکنہ اجارہ داری کے خدشے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا:
"پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔ 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ پاکستان، بھارت کی کسی بھی آبی بالادستی کو تسلیم نہیں کرے گا۔”

بلوچستان میں انتشار بھارت کی سازش
بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا:
"بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد عناصر درحقیقت ‘فتنہ الہندوستان’ ہیں جن کا بلوچ عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم نے پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنانا ہے جہاں تمام ادارے آئین اور قانون کے مطابق، بغیر کسی سیاسی یا ذاتی مفاد کے، عوام کی خدمت کریں۔”

انہوں نے ریاست مخالف بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کرے گا، اسے قوم مسترد کر دے گی۔

شرکاء کا اعتماد اور اظہارِ یکجہتی
ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے سوال و جواب کے سیشن میں فوج اور ملک کے دفاعی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
"یہ جو محفوظ دھرتی ہے، اس کے پیچھے وردی ہے۔ ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے،” شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter