ہفتہ, 7 جون , 2025

امریکہ کا بھارت کو اشتعال انگیزی سے باز رہنے کا سخت پیغام، جنوبی ایشیا میں امن پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

واشنگٹن: بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور اشتعال انگیز رویے پر امریکہ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے نئی دہلی کو علاقائی امن و استحکام کا احترام کرنے کی ہدایت دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری اور امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لنڈاو کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں جنوبی ایشیا کی حالیہ کشیدہ صورتحال زیر بحث آئی۔ اس موقع پر امریکی نائب وزیر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنگی جنون سے گریز کرے اور خطے میں پائیدار امن قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

latest urdu news

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے میں بڑھتی کشیدگی، خاص طور پر بھارت اور پاکستان کے درمیان تناؤ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، امریکی وفد نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ تصادم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں تحمل، تدبر اور تعمیری مکالمہ ہی خطے میں استحکام لا سکتا ہے۔

یہ ملاقات 6 مئی کے واقعات کے تناظر میں ہوئی جب بھارتی حکومت نے پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کا الزام پاکستان پر عائد کیا، جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیا۔ پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے، جن میں ایک رافیل لڑاکا طیارہ اور ایک جاسوس ڈرون بھی شامل تھا۔

اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں تیزی آئی، جس کے بعد امریکہ نے سفارتی کوششوں سے سیزفائر کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ سیزفائر اب بھی قائم ہے، تاہم سفارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter