آج عمران خان سے ملاقات نہ کروا کے عدلیہ کی توہین کی گئی ، عمرایوب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

راولپنڈی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے جیل انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بانی تحریک انصاف سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور یہ عدلیہ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، شبلی فراز، علامہ راجہ ناصر عباس، اور صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ موجودہ حکومت کا سارا زور تحریک انصاف کو دبانے پر ہے، ان کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہ کرائی گئی، جو عدلیہ کی ساکھ کے لیے ایک چیلنج ہے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عدالت نے ہدایت دی تھی کہ جیل کے باہر سیاسی بیانات نہ دیے جائیں لیکن ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے وہ اس معاملے پر بات کرنے پر مجبور ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کو دانستہ طور پر بحران میں دھکیلا جا رہا ہے، لیکن ملک کو مشکلات میں ڈالنے والے خود اس کا خمیازہ بھگتیں گے، پورا نظام ظالمانہ بن چکا ہے اور پی ٹی آئی اس کے خلاف ڈٹی رہے گی، کیونکہ ملک کی 95 فیصد عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو متحد رکھنے کی صلاحیت صرف بانی تحریک انصاف میں ہے اور انہیں جیل میں رکھنے والے بالآخر ناکام ہوں گے۔

پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی سے عوام میں مزید بےچینی بڑھے گی جبکہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کی بے توقیری پر لارجر بینچ کے ججز کو مبارکباد دیتے ہیں اور اس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter