جمعہ, 25 اپریل , 2025

پاکستان اور افغانستان پر سفری پابندیاں؟ امریکی حکومت کی وضاحت سامنے آگئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

واشنگٹن، امریکی محکمہ خارجہ نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکہ متعدد ممالک پر سفری پابندیاں عائد کرنے کے لیے "ٹریول بین لسٹ” تیار کر رہا ہے۔

محکمہ خارجہ کی ترجمان، ٹیمی بروس نے بریفنگ کے دوران وضاحت کی کہ ٹرمپ انتظامیہ ویزا پالیسی کا جائزہ ضرور لے رہی ہے، تاہم افغانستان یا کسی اور ملک پر مکمل ویزا پابندی عائد کرنے کی کوئی فہرست موجود نہیں۔

latest urdu news

ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ کے 20 جنوری کے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت ویزا پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ امریکہ کی سلامتی کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

محکمہ خارجہ نے ان افغان شہریوں کو امریکہ میں بسانے کے عزم کا اعادہ کیا جو گزشتہ 20 سالہ امریکی مشن کے دوران واشنگٹن کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

تاہم، امریکی میڈیا رپورٹس، بشمول نیویارک ٹائمز اور رائٹرز، کا کہنا ہے کہ ٹرمپ حکومت بعض ممالک، بشمول پاکستان اور افغانستان، پر ویزا پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے، ان رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ امریکہ نے 43 ممالک کو ممکنہ سیکیورٹی خدشات کی فہرست میں شامل کیا ہے، جن میں پاکستان اور افغانستان بھی شامل ہیں۔

امریکی ویزا پالیسی کی غیر یقینی صورتحال نے پاکستان، قطر اور دیگر ممالک میں موجود افغان مہاجرین میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

ٹرمپ حکومت کے نئے فیصلے کے تحت تمام مہاجر پروگرام 3 ماہ کے لیے معطل کر دیے گئے، جس کی وجہ سے متعدد افغان مہاجرین کا مستقبل غیر یقینی ہو گیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی پالیسی میں مزید سختی آئی تو مہاجرین کی آبادکاری میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی حکومت نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے 31 مارچ کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے، جبکہ البانیہ میں افغان مہاجرین کو دی جانے والی عارضی پناہ کا معاہدہ بھی اسی ماہ ختم ہو رہا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter