اسلام آباد، ترجمان حکومتی مذاکراتی ٹیم و سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مطالبات پر جوڈیشل کمیشن بننے کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا۔
عرفان صدیقی نے تحریک انصاف کیساتھ اگلی بیٹھک 28 جنوری کو لگنے کی امید کا اظہار کیا ہے تاہم سینیٹر نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے اب تک کسی فیصلے پر نہ پہنچنے کی بھی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو اگلے مذاکرات میں نہیں بیٹھیں گے، بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایات واضح ہیں، جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنا تو صرف 9 مئی اور 26 نومبر نہیں، 35 پنکچر، فارم 47 اور دھرنے بھی اس میں آجائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے جوڈیشل کمیشن نہ بنائے جانے پر حکومت سے مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
حکومت اور اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے 3 دور ہوچکے ہیں اور گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات تحریری صورت میں دیے تھے۔