60 سالہ امریکی اداکار بریڈ پٹ کو اپنی نئی آنے والی فلم ‘F1’ کے سیٹ پر خاتون مداح کی جانب سے نازیبا حرکت کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکی اداکار بریڈ پٹ کو اپنی نئی فلم F1 کے سیٹ پر ایک غیر معمولی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک خاتون مداح نے ان کے قریب آکر انہیں پکڑ لیا اور بغیر اجازت بوسہ دے دیا۔ یہ واقعہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس وقت پیش آیا جب بریڈ پٹ فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے اور موقع پر دیگر افراد بھی موجود تھے۔ اس اچانک حرکت پر اگرچہ ماحول میں کچھ پریشانی اور افراتفری پھیل گئی، لیکن بریڈ پٹ نے تحمل سے کام لیا اور فوری طور پر منفی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔
بریڈ پٹ نے واقعے کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے اس عمل سے خود کو خطرے میں محسوس نہیں کیا کیونکہ یہ صرف ایک بوسہ تھا، "چہرے پر گھونسہ نہیں۔” انہوں نے اپنے مداحوں کے رویے کو مثبت انداز میں لینے کا عندیہ دیا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق، بریڈ پٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ "وہ مداحوں کی محبت کو ہمیشہ مثبت نظر سے دیکھتے ہیں اور سرعام اس واقعے کے باوجود وہ بہت پرسکون رہے۔”
تاہم، اس واقعے پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ بریڈ پٹ کے مداحوں اور دیگر صارفین نے اس حرکت پر برہمی کا اظہار کیا اور اسے ہراسانی سے تعبیر کیا۔
کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر یہی حرکت کسی مرد مداح نے کسی خاتون اداکارہ کے ساتھ کی ہوتی تو اسے زیادہ سنجیدگی سے لیا جاتا۔
صارفین نے اس واقعے کے بعد مداحوں کی حدود کا احترام کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ کسی بھی عوامی شخصیت کے ساتھ اس طرح کا غیر اخلاقی رویہ ناقابلِ قبول ہے۔