نیویارک: فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے ساتھ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے ایک ایسا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا جسے فٹبال کی تاریخ میں ناپسندیدہ سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
لیونل میسی کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ارجنٹینا کی ٹیم مقررہ 90 منٹ کے دوران گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکی، جو ورلڈکپ فائنلز کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ پوری ٹیم ہسپانوی دفاع کے سامنے بے بس دکھائی دی اور کوئی مؤثر حملہ ترتیب نہ دے سکی۔
دوسری جانب اسپین نے آغاز ہی سے میچ پر گرفت مضبوط رکھی اور مسلسل جارحانہ کھیل پیش کیا۔ ہسپانوی ٹیم نے مجموعی طور پر 15 حملے گول کی جانب کیے، جن میں سے 9 شاٹس سیدھے ہدف پر تھے، جس سے میدان میں اس کی واضح برتری ثابت ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق اس سے قبل کسی بھی ورلڈکپ فائنل میں ایسا نہیں ہوا تھا کہ کوئی ٹیم پورے مقررہ وقت میں گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکے، یوں ارجنٹینا کے حصے میں ایک منفرد مگر منفی ریکارڈ آ گیا۔
ایمباپے نے ایک اور تاریخ رقم کر دی، مسلسل دوسری مرتبہ گولڈن بوٹ جیتنے والے پہلے فٹبالر بن گئے
میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا، جہاں اسپین نے فیصلہ کن گول کر کے 0-1 سے کامیابی حاصل کی اور دوسری مرتبہ فیفا ورلڈکپ کا تاج اپنے سر سجا لیا، جبکہ ارجنٹینا دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود ٹائٹل سے محروم ہوگیا۔
