پشاور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکا کہنا ہے کہ وفاق سے رکاوٹوں کے باوجود ان کے حکومت کی معاشی صورت حال تینوں صوبوں سے بہتر ہے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا، پنجاب کی کارکردگی ہماری ایک فیصد کارکردگی کے برابر بھی نہیں، کارکردگی پر وزیراعلیٰ پنجاب سے مناظرے کیلئے تیار ہوں۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ہم نے مشکل حالات کے باوجود آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا، خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ حاصل کیا ہے، باقی کسی دوسرے صوبے نے نہیں کیا، خیبرپختونخوا حکومت کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس پڑا ہے، پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ہم 4 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروا رہے ہیں اور ہر بچی کو2 لاکھ روپے دے رہے ہیں، پنجاب بھی اپنی آمدن 12 فیصد سے 55 فیصد تک بڑھائے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا، اب لائف انشورنس کی سہولت دے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب، خیبر پختونخوا حکومت کے طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دے، پنجاب حکومت بھی اپنی پوری آبادی کو یہ سہولیات دے۔
