بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ جتھے آکر قومی شاہراہیں بند کردیتے ہیں اور سڑکیں کھلوانے میں نااہلی دکھانے والے ڈپٹی کمشنرز کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔
کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی کی جانب سے مستحقین میں رمضان فوڈ پیکج کی تقسیم کا افتتاح کردیاگیا ۔
سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کو مستحقین میں منصفانہ راشن تقسیم کرنے کا کہا گیاتھا، ڈپٹی کمشنرز نے مستحقین کی شارٹ لسٹنگ کی ہے، راشن کی تقسیم کا مقصد مستحقین کی خوشیوں میں اضافہ کرنا ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں کی بندش سے راشن کی تقسیم میں مشکلات ہیں، ارکان اسمبلی کو راشن نہیں دیا،وہ صرف نگرانی کر رہے ہیں، دور دراز علاقوں میں کون سے لوگوں کے بینک اکاؤنٹ ہیں کہ انہیں کیش پیمنٹ دی جائے اور رمضان فوڈ پیکج کے تحت صوبے میں ڈھائی لاکھ مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے حالات دیگر صوبوں سے مختلف ہیں، عدالتی احکامات کے باوجود قومی شاہراہیں بند کر دی جاتی ہیں، لوگوں کے خلاف طاقت کا استعمال کریں گے تو اس پر رد عمل آئے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز شاہراہوں کی بحالی کے حوالے سے ذمہ داری نبھائیں، سڑکیں کھلوانے میں نااہلی دکھانے والے ڈپٹی کمشنرز کےخلاف کارروائی کی جائے گی، جن اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ذمہ داری نہیں دکھائی انہیں ہٹا دیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دفعہ 144ہمیں اجازت دیتی ہےکہ طاقت کا استعمال کریں، سڑکیں بند کرنا کسی بھی طرح منصفانہ نہیں۔
جتھے آکر قومی شاہراہیں بند کردیتے ہیں، کسی کو غائب کرکے پریشر حکومت پر ڈالا جاتا ہے، حکومت صبر سے کام لے رہی ہے، احتجاج کرنیوالے افراد اپنے ساتھ خواتین اور شیر خوار بچوں کو ساتھ لاتے ہیں۔
