راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 سے 4 گھنٹے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
جڑواں شہروں میں اوسطاً 91.76 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی مسلسل بلند ہو رہی ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی 21 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 15 فٹ تک پہنچ گیا۔
واسا نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کردی ہے، جبکہ نالہ لئی اور دیگر نالوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
نالہ لئی کے اطراف شہریوں کو سائرن کے ذریعے خبردار کیا گیا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور نالوں و بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔
بارشوں کا نیا اسپیل، مختلف مقامات پر اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
دوسری جانب شدید بارش کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک متاثر ہوئی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو رفتار کم رکھنے، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، ٹیکسلا، واہ کینٹ، مری اور گلیات میں مزید بارش کا امکان ہے۔
