وزیراعظم نے پاکستانی مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے اوربرآمدات بڑھانے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت برآمدات اور معاشی ترقی کی رفتارکا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنانے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نےمزیدشعبوں اورصنعتوں کو عالمی منڈیوں میں برآمدات کے لیے تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےکہاکہ تجارت کو متنوع بنانے کے لیے نئے شعبوں کو برآمدی عمل میں شامل کرنا ضروری ہے،پاکستانی مصنوعات کو عالمی معیار کےمطابق بنانےاورعالمی ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پرخصوصی توجہ دینے،برآمدی صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق،جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ پر زور دیا،انکا کہنا تھا کہ ویلیو ایڈیشن سے پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قدر اور مسابقت بڑھے گی۔
وزیراعظم نےبرآمدکنندگان کو درپیش انتظامی اورکاروباری رکاوٹیں دورکرنے اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کوبریفنگ میں بتایاگیا کہ عالمی مارکیٹ تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کےاقدامات جاری ہیں،دوست ممالک سے فری ٹریڈ اور رعایتی نرخوں پر تجارتی معاہدوں کی کوششیں جاری ہیں۔
پاکستان کی سی فوڈ برآمدات میں ریکارڈ اضافہ، سالانہ ہدف وقت سے پہلے مکمل
بریفنگ میں بتایاگیا کہ پاکستانی ہارٹیکلچرل مصنوعات،سرجیکل اورمیڈیکل آلات کی برآمدات بڑھانے پر بھی کام جاری ہے،پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیےمختلف نمائشیں منعقد کی جارہی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیاکہ انٹی لیکچول پراپرٹی قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر کام جاری ہے جبکہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو بھی مکمل ہوچکی ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر، جام کمال، مصدق ملک، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، مشیر ہارون اختر اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے شرکت کی۔
