اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 4 اگست 2026 تک شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور مختلف قدرتی خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے، جس سے آمدورفت اور مقامی آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔
الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جبکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے بلوچستان میں فلیش فلڈ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، سیلاب اور مزید بارشوں کا الرٹ
ادارے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ بارشوں کے دوران ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی موسمی و حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
