لاہور: این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی سموں کے ذریعے بینک فراڈ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک بینکر بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان شہریوں کے بینک اکاؤنٹس تک غیر قانونی رسائی حاصل کرکے رقم چوری کرنے میں ملوث تھے۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار گروہ جعلی یا غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی سمیں استعمال کرتے ہوئے بینکنگ معلومات تک رسائی حاصل کرتا اور بعد ازاں مختلف اکاؤنٹس سے رقوم منتقل کرتا تھا۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 2 موبائل فونز اور 11 سمیں بھی برآمد کی گئیں، جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کراچی کی تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری: 47 ارب روپے کی فراڈ رقم واپس
دوسری جانب این سی سی آئی اے نے واٹس ایپ فراڈ میں ملوث 15 رکنی گروہ کو بھی گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دے کر مالی نقصان پہنچاتے تھے۔
این سی سی آئی اے لاہور نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔
