بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے لیے بیرون ملک روزگار کے دروازے کھلنے لگے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: مستحق افراد کو خود کفیل بنانے کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت بیرونِ ملک روزگار کی فراہمی کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی ملاقات میں اس ضمن میں اہم امور پر اتفاقِ رائے ہوا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ’’بے نظیر ہنرمند پروگرام‘‘ کے تحت مستحق افراد کو مقامی و بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کے لیے تیار کرنے اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ مالی امداد سے آگے بڑھتے ہوئے بی آئی ایس پی اب خود کفالت کے حقیقی مواقع پیدا کرے گا۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھانے والی خواتین اور ان کے اہلِ خانہ صرف امداد پر انحصار نہ کریں، بلکہ جدید مہارتیں سیکھ کر خود کفیل بنیں۔ اس مقصد کے لیے انہیں ایسے ہنر سکھائے جائیں گے جو عالمی معیار پر پورا اتریں تاکہ بیرونِ ملک روزگار کے امکانات روشن ہوں۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پروگرام کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی مرحلے میں عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے گا، تاکہ ہنر مند افراد کو باآسانی بین الاقوامی مواقع حاصل ہو سکیں۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور رجسٹرڈ ریکروٹمنٹ ایجنٹس کے ساتھ جوڑا جائے گا، جبکہ دونوں اداروں کے درمیان باہمی روابط کے لیے فوکل پرسنز بھی مقرر کیے جائیں گے۔

یہ اقدام نہ صرف غربت کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت دے گا بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter