لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالفطر پر زائد کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف مہم جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ عید تعطیلات ختم ہونے پر مسافروں کی واپسی کے پیش نظر مقررہ کرایوں کی وصولی یقینی بنائی جائے، لاہور اور دیگر شہروں میں مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اوور چارجنگ کی صورت میں مسافروں سے وصول کردہ کرایہ واپس کرائیں اور بس عملے پر جرمانہ عائد کیا جائے۔
مریم نواز شریف نے حکم دیا کہ گاڑی کی فٹنس چیک کریں، قابل مرمت گاڑیوں کو ہرگز مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے، کسی روٹ پر گاڑیوں میں اوورلوڈنگ نہ کرنے دی جائے، ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کرائی جائے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک سنگین مسئلہ ہے، اس پر سیاست سے اجتناب کرنا چاہیے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت دہشت گردی کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنا چاہتی ہے تو خیبرپختونخوا کو معاشی طور پر مستحکم کرے اور پن بجلی سمیت دیگر واجبات جلد از جلد ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ بار بار یاد دہانی کے باوجود صوبے کو اس کا جائز حق نہیں دیا جا رہا، ایک طرف دہشت گردی کا سامنا ہے اور دوسری طرف خیبرپختونخوا کے فنڈز روک لیے گئے ہیں، حالانکہ یہ پورے ملک کا مشترکہ مسئلہ ہے، کسی ایک صوبے تک محدود نہیں۔