پاکستانی نوجوانوں کے لیے خوشخبری : سی پیک کے تحت 1000 نئی ملازمتیں، جدید مہارتوں کی تیاری پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اگلے مرحلے میں ملک میں 1000 نئی ملازمتیں پیدا ہونے جا رہی ہیں۔

latest urdu news

ان ملازمتوں کا تعلق جدید صنعتوں اور ٹیکنالوجی سے جڑی معیشت سے ہوگا، جس کے لیے حکومت اور نجی شعبہ مشترکہ طور پر نوجوانوں کو چوتھے صنعتی انقلاب کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سی پیک کا موجودہ مرحلہ صنعتی تعاون اور کاروباری اشتراک پر مرکوز ہے، جس کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو دیرپا بنیادوں پر مضبوط کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ”اُڑان پاکستان پروگرام“ کے تحت پیشہ ورانہ تربیت اور مہارت سازی کو قومی ترجیح قرار دیا ہے، تاکہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، بگ ڈیٹا، اور گرین ٹیکنالوجی جیسے جدید شعبوں میں روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بیجنگ میں ہزہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے درمیان مفاہمتی معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی مہارت سازی ہی ہماری "5Es فریم ورک” کی بنیاد ہے، جس کے ذریعے پاکستان صنعتی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

احسن اقبال نے واضح کیا کہ اگر پاکستان نے چوتھے صنعتی انقلاب کے تقاضوں کو وقت پر نہ سمجھا اور تیاری نہ کی، تو نوجوان نسل مواقع سے محروم رہ جائے گی۔ تاہم اگر دانشمندی سے فیصلے کیے گئے تو یہی نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت بن سکتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے نیوٹیک جیسے ادارے پہلے ہی 15 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھا چکے ہیں، جن میں سے 70 فیصد کو باعزت روزگار ملا، جبکہ ان کی آمدنی میں بھی واضح اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان کی دو تہائی آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، جو دنیا کی سب سے کم عمر ورک فورس میں شمار ہوتی ہے۔ اس موقع پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری کے ذریعے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے، بلکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں بھی سکھائی جائیں گی۔

یہ اقدامات ایک ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب روایتی ملازمتیں تیزی سے ختم ہو رہی ہیں اور مستقبل میں صرف وہی قومیں کامیاب ہوں گی جو ہنر، ٹیکنالوجی اور جدت کو اپنائیں گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter