لاہور، پنجاب پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی سرحد پر خوارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق، سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کر دیا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ دوسرا جبکہ رواں ہفتے میں تیسرا بڑا حملہ روکا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی تعداد 20 سے 25 تھی اور وہ بھاری اسلحے سے لیس تھے، جنہوں نے راکٹ لانچرز اور دیگر جدید ہتھیاروں سے چوکی پر حملہ کیا۔
پولیس نے تھرمل امیج کیمروں کے ذریعے دہشت گردوں کی بروقت نشاندہی کی اور بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد پسپا ہو گئے، جنہیں بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق، آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی مکمل نگرانی کی، جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیموں نے فوری کارروائی کی۔
ڈی پی او نے کہا کہ خوارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، پنجاب پولیس ہر حال میں عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔
آر پی او نے کہا کہ پولیس کا مورال بلند ہے اور دہشت گردوں کے ہر حملے کو ناکام بنایا جائے گا، ہم ہر طرح کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
