سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کسی کو اندازہ ہی نہیں کہ آئینی عدالتوں کی حدود کیا ہوتی ہے، یہ ترامیم اس لیے لانا چاہتے ہیں کہ ایک شخص چیف جسٹس نہ بن سکے۔
لاہور کی نجی یونیورسٹی میں خطاب کے دوران سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کسی سینیٹرنے آئینی ترمیم نہیں دیکھی، جو ترامیم کرنا چاہتے ہیں وہ عوام کے سامنے رکھیں، دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں جہاںبغیر دیکھے پڑھے قانون پاس کر دیے جائیں ۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کسی کو اندازہ ہی نہیں کہ آئینی کورٹس کی حدود کیا ہوں گی، ترامیم اس لیے لانا چاہتے ہیں کہ ایک شخص چیف جسٹس نہ بن سکے۔
عوام پاکستان پارٹی کے سر براہ نے اپنے خطاب میں یہ کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اپنے راستے سے ہٹ گئے ہیں، میاں نواز شریف کے پاس خاموش رہنے کا آپشن نہیں ہے، اگر وہ خاموش رہتے ہیں تو کل اسکا ضرور جواب دینا پڑے گا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ الیکشن مسئلے کا حل نہیں ہے، الیکشن تو چوری کر لیے جاتے ہیں، اب لیڈر شپ کا امتحان ہے کہ ملک چلانا بھی ہے کہ نہیں ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے باضابطہ طور پر انقلاب کا اعلان کرتے ہوئےیہ کہا گیا ہے کہ اس کے بعد کوئی گولی برسائے گا، تو اس پر گولیاں برسائی جائیں گی۔
