پشاور، جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سابق امیر اور سینیٹر مشتاق احمد خان کے بڑے بھائی شکیل احمد ہمسائے کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ صوابی کے گاؤں احد خان کلے شیخ جانہ میں پیش آیا، جہاں شکیل احمد خان کو گھر کے سامنے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی محمد اظہر کے مطابق شکیل احمد خان اپنے ہمسائے کی فائرنگ کا نشانہ بنے، ملزم نے پہلے اپنے والد کو قتل کیا تھا، اور مقتول شکیل احمد خان صلح کرانے کی غرض سے گئے تھے، اسی دوران انہیں بھی گولیاں مار دی گئیں۔
ڈی پی او کے مطابق ملزم مبینہ طور پر نشے کا عادی ہے اور اس کا ذہنی توازن بھی مکمل درست نہیں، پولیس جلد از جلد اس کی گرفتاری یقینی بنائے گی۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے بھائی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے بڑے بھائی شکیل احمد خان کو گھر کے سامنے بے دردی سے شہید کر دیا گیا، یہ انتہائی افسوسناک اور ظالمانہ واقعہ ہے، وہ میرے نہایت قریب اور میرے لیے ایک مضبوط سہارا تھے۔
مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اس واقعے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مشتاق احمد خان سے ٹیلیفون پر تعزیت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتل کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی مشتاق احمد خان سے اظہار افسوس کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کے بھائی کے قاتل کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
