لاہور، دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی فیس میں اضافہ کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ نیپال نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے کوہ پیماؤں کے لیے فیس میں 35 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے کوہ پیماؤں کے لیے فیس 15 ہزار ڈالر تک ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں نیپال کی سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت کو بلند پہاڑ سر کرنے کے لیے کوہِ پیماؤں کو محدود تعداد میں اجازت نامے جاری کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق پہاڑوں کے استعداد کا خیال رکھنا لازم ہے، اس لیے کوہ پیمائی کے لیے ایک مخصوص تعداد کا تعین کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کی 10 بلند ترین چوٹیوں میں سے آٹھ نیپال میں ہیں جن میں دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کا سب سے بلند پہاڑ ہے، جس کی اونچائی سمندر کی سطح سے 8,848.86 میٹر (29,031.7 فٹ) ہے، یہ نیپال اور تبت (چین) کی سرحد پر واقع ہے اور ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے کا حصہ ہے۔