وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اگر تحریک انصاف نے غیر معمولی احتجاج کا پروگرام بنایا تو اُسے روکنے کیلئے ہمارے انتظامات بھی غیر معمولی ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کے دوران مشیر وزیراعظم پاکستان رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 3 لاکھ افراد تو خود عمران خان بھی نہیں لاسکے تھے، وہ بھی کبھی 20-25 ہزار سے زیادہ لوگ جمع نہیں کر پائے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نہ 9 من تیل ہوگا، نہ رادھا ناچے گی، تحریک انصاف کے اس قسم کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں ہے۔
رانا ثناءاللہ کی جانب سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کے پیچھے ڈیل کا امکان مسترد کرتے ہوئے یہ کہا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ سے تو تحریک انصاف کے رابطے بھی نہیں۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اگلے 1 ماہ میں رہا ہو رہے ہیں تو پی ٹی آئی کی یہ تحریک کس لیے ہے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری دبئی میں حادثے کا شکار ہوگئے ہیں۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری دبئی ایئرپورٹ پر جہاز سے اترتے وقت حادثے کا شکار ہوگئے، جس سے ان کے پاؤں میں فریکچر ہوگیا۔