گجرات میں جعلی ڈی اے پی کھاد کے خلاف بڑی کارروائی، 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کھاد ضبط

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات میں محکمہ زراعت نے جعلی ڈی اے پی کھاد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی کھاد برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

latest urdu news

محکمہ زراعت  گجرات کے مطابق کارروائی کا مقصد کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنانا اور جعلی کھاد کے کاروبار کا خاتمہ ہے۔ ڈائریکٹر زراعت  گجرات ڈویژن ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ کی نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محمد اطہر لطیف نے حسن رائس ملز، موضع موہلہ ضلع گجرات پر چھاپہ مارا۔

کارروائی کے دوران معروف برانڈ کی بوریوں میں موجود مشتبہ ڈی اے پی کھاد برآمد کی گئی۔ کھاد کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے گئے، جبکہ موقع پر موجود 1,140 بوریاں، جن میں ہر بوری کا وزن 50 کلوگرام تھا، سیل کر دی گئیں۔ ان کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 82 لاکھ 40 ہزار روپے بتائی گئی۔

لیبارٹری رپورٹ میں کھاد جعلی ثابت ہونے کے بعد پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول ایکٹ 2025 کے تحت محمد عظمت سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

محکمہ زراعت کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مجموعی طور پر 1,270 بوریاں جعلی ڈی اے پی کھاد سامنے آئیں، جن کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 3 لاکھ 20 ہزار روپے بنتی ہے۔ بعد ازاں 1,244 بوریاں بطور مال مقدمہ تھانہ صدر گجرات منتقل کر دی گئیں، جبکہ حسن رائس ملز کے انچارج غلام حسین کو گرفتار کر لیا گیا۔

محکمہ زراعت گجرات نے واضح کیا ہے کہ جعلی کھاد، زرعی ادویات اور غیر معیاری زرعی مصنوعات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ کسانوں کے حقوق کا تحفظ اور زرعی پیداوار کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter