جہلم میں گھر کے باہر سے اغواء ہونے والے 4 سالہ بچی کو دریائے جہلم کے بیلے سے بازیاب کروا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شمالی محلہ سے اغواء ہونے والی 4 سالہ بچی مشکوٰۃ فاطمہ کو دریائے جہلم کے بیلے سے بحفاظت بازیاب کر لیا جبکہ پولیس نے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی اپنی والدہ کے ساتھ ٹیوشن جانے کے لیے گھر سے نکلی، والدہ بیگ لینے گھر کے اندر گئیں تو ملزم نے موقع پا کر بچی کو دروازے کے باہر سے اغواء کر کے دریا کی جانب لے گیا۔
بچی کی والدہ کا شور شرابہ کرنے پر تھانہ سول لائنز پولیس نے ملزم کا تعاقب کیا اور چند ہی منٹوں میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور بچی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت محمد شہباز کے نام سے ہوئی ہے جو شمالی محلے کا رہائشی ہے، ملزم پہلے بھی عصمت دری اور چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ بچی کو طبی معائنہ کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ملزم کئی دنوں سے مشکوک انداز میں گلی میں چکر لگا رہا تھا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں خصوصاً بچوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
