ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی خصوصی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے شہر میں انسدادِ بیگری مہم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 17 بچوں کو ریسکیو کر لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی گجرات بھمبر روڈ، رحمان شہید روڈ، جی ٹی روڈ، سروس موڑ، پرانی چنگی اور دیگر اہم مقامات پر کی گئی، جہاں پیشہ ور بھکاریوں کے ساتھ موجود بچوں کی نشاندہی کے بعد انہیں تحویل میں لیا گیا۔
اس مشترکہ آپریشن میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو گوجرانوالہ، محکمہ لیبر، ریسکیو 1122، گجرات پولیس اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران نے حصہ لیا اور مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔
حکام کے مطابق ریسکیو کیے گئے بچوں میں 10 لڑکے اور 7 لڑکیاں شامل ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی، طبی معائنہ، کونسلنگ اور بحالی کے مراحل مکمل کرنے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن بیورو گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
گجرات میں انسدادِ بیگری مہم، 8 بچوں کو ریسکیو کر لیا گیا
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچوں سے بھیک منگوانا ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے، جس کے خاتمے کے لیے انسدادِ بیگری مہم آئندہ بھی جاری رہے گی، جبکہ بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
