لندن: برطانیہ میں ایک شخص نے اپنے دادا کی جانب سے ایک صدی سے بھی زیادہ عرصہ قبل لائبریری سے لی گئی دو کتابیں واپس کرکے سب کو حیران کر دیا۔ تقریباً 116 سال بعد واپس آنے والی یہ کتابیں لائبریری انتظامیہ کے لیے بھی غیر معمولی اور یادگار لمحہ ثابت ہوئیں۔
کونوی لائبریریز کے مطابق مسٹر او سلیوان حال ہی میں لینروسٹ لائبریری پہنچے اور دو قدیم کتابیں عملے کے حوالے کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کتابیں ان کے دادا والٹر گرفتھ اوون نے 1910 میں اُس وقت کی Llanrwst Public Library and Reading Room سے حاصل کی تھیں، مگر وقت گزرنے کے ساتھ واپس نہ کی جا سکیں۔
لائبریری کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ والٹر گرفتھ اوون نے پہلی اور دوسری عالمی جنگ میں خدمات انجام دیں، جبکہ دوسری جنگِ عظیم کے دوران ان کی تعیناتی کونوی کے علاقے میں رہی۔ اس تاریخی پس منظر نے اس واقعے کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
72 سال پرانی شادی کی تصویر لائبریری کی کتاب سے برآمد، جوڑے کے خاندان کو واپس مل گئی
لائبریری کے عملے نے کہا کہ ایک صدی سے زائد پرانی کتابوں کو دوبارہ اپنی شیلف پر دیکھنا ان کے لیے انتہائی خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف کتابوں کی واپسی نہیں بلکہ ایک تاریخی یادگار اور خاندانی امانت کی واپسی بھی ہے۔
View this post on Instagram
یہ منفرد واقعہ سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے مقبول ہوا، جہاں صارفین نے مسٹر او سلیوان کی دیانت داری اور اپنے دادا کی امانت واپس لوٹانے کے جذبے کو بھرپور سراہتے ہوئے اسے ذمہ داری اور اخلاقی اقدار کی بہترین مثال قرار دیا۔
