آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ایک ٹاؤن کرائر نے اپنی غیر معمولی اور طاقتور آواز کے ذریعے دنیا بھر میں منفرد ریکارڈ قائم کرتے ہوئے عالمی توجہ حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے بلند آواز میں چیخ کر 122.4 ڈیسیبل کی سطح حاصل کی، جس پر انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈز میں جگہ دی گئی۔
یہ کارنامہ کینبرا اور گوئنبیان کے سرکاری ٹاؤن کرائر Joseph McGreal-Bateup نے انجام دیا، جو ’’لارڈ جوزف‘‘ کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی آواز ہمیشہ سے اتنی طاقتور نہیں تھی بلکہ یہ سفر وقت کے ساتھ تربیت اور محنت کے ذریعے ممکن ہوا۔
لارڈ جوزف کے مطابق بچپن میں وہ انتہائی شرمیلے تھے اور اپنی آواز کو نمایاں کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے تھے۔ بعد ازاں تھیٹر سے وابستگی نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا، جہاں انہوں نے بغیر مائیکروفون کے بلند آواز میں بولنے کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ مسلسل مشق اور اسٹیج پرفارمنس نے ان کی آواز کو وقت کے ساتھ زیادہ طاقتور اور گونجدار بنا دیا، جس کے بعد وہ ایک منفرد شناخت بنانے میں کامیاب ہوئے۔
امریکا میں دنیا کی سب سے بڑی فٹبال نصب، گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم
جوزف مک گریل-بیٹ اپ کو 2017 میں ٹاؤن کرائر مقرر کیا گیا، جبکہ 2022 سے انہوں نے مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا۔ ان مقابلوں کے دوران انہوں نے اپنی آواز کی طاقت کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
2024 میں ہونے والے ایک مقابلے میں انہوں نے 98 ڈیسیبل کی گونج کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کے بعد ان کی کارکردگی مزید بہتر ہوئی اور بالآخر 122.4 ڈیسیبل کی چیخ کے ساتھ انہوں نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ماہرین کے مطابق یہ کارنامہ انسانی آواز کی غیر معمولی صلاحیتوں کی ایک دلچسپ مثال ہے۔
