حکومتیں گرانے کی سیاست ختم ہو تو عوام کے لیے کام کر سکتے ہیں: بلاول بھٹو

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دیں تو ملک میں ترقیاتی منصوبے جاری رہ سکتے ہیں اور عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

latest urdu news

رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے بڑوں نے ماضی میں کچھ غلطیاں کیں، تاہم ان غلطیوں سے سیکھا بھی ہے۔

حکومتوں کی تبدیلی سے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوتے ہیں

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب سے انہوں نے سیاست میں قدم رکھا ہے، ان کی کوشش رہی ہے کہ غریب عوام کو عالمی معیار کے علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں، کیونکہ مفت علاج پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کو حکومت ملتی تو ایک سال بھی مکمل نہیں ہوتا تھا کہ حکومت ختم ہوجاتی اور منصوبے رک جاتے تھے۔ اسی طرح میاں صاحب کو بھی حکومت ملتی تو وقت سے پہلے ان کی حکومت ختم ہوجاتی اور ان کے منصوبے بھی متاثر ہوتے تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ منصوبہ اس لیے جاری ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ مریم نواز نے پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی روایت قائم رکھی ہے اور وہ بھی اس روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

سیاسی انتقام سے عوام کا نقصان ہوگا

بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی جماعتیں کھینچا تانی میں مصروف رہیں تو ترقیاتی منصوبے رک جائیں گے اور اس کا نقصان عوام کو ہوگا۔ ان کے بقول سیاسی انتقام کی پالیسی اختیار کرنا عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اختلافات بھلا کر مشترکہ مسائل کا مقابلہ کیا جائے تو کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو۔

جنوبی پنجاب صوبے کے حامی ہیں، پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم نہیں کرنا چاہتا: بلاول بھٹو

مہنگائی، بے روزگاری اور مفت علاج پر زور

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کو بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل کا سامنا ہے، جبکہ خطے کی صورتِ حال کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مفت علاج کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شخص کو اپنی بیماری کا علم ہو، اس کا علاج بھی موجود ہو لیکن وسائل نہ ہونے کے باعث وہ علاج نہ کرا سکے تو یہ صورتِ حال اس کے لیے سزائے موت بن جاتی ہے۔

بلاول بھٹو نے دعا کی کہ ملک کے کونے کونے میں عوام کو مفت علاج کی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

ماخذ: روزنامہ جنگ

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں