سندھ ہائیکورٹ نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران صوبائی حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفافیت کے لیے خود کچھ نہیں کرتے اور اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈال دیتے ہیں۔
عدالت کا صوبائی حکومت اور کے ایم سی پر اظہارِ برہمی
کراچی میں سندھ ہائیکورٹ میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر کے ایم سی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حکمِ امتناع کے باعث تمام کام رکا ہوا ہے، جس سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
اس پر جسٹس سلیم جیسر نے صوبائی حکومت اور کے ایم سی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت میں کیا کچھ ہو رہا ہے، سب معلوم ہے۔ شفافیت کے معاملے میں خود کچھ نہیں کرتے اور پھر عدالتوں کو برا بھلا کہتے ہیں۔
جسٹس سلیم جیسر نے مزید کہا کہ حکام اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈال دیتے ہیں، پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور دیکھیں کہ کس قسم کے نااہل افسران تعینات کیے گئے ہیں۔
سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی کی اجازت دینے سے انکار
ٹینڈرز پر حکمِ امتناع برقرار
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کام رکنے کے ذمہ دار متعلقہ حکام خود ہیں، جو اپنا اور عدالتوں کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔
سماعت کے دوران عدالت نے آئندہ پیشی تک ٹینڈرز اور بولیوں پر حکمِ امتناع برقرار رکھنے کا حکم دیا، جبکہ درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔
سندھ ہائیکورٹ نے مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔
ماخذ: جیو نیوز
