وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت اور اقتدار مستقل نہیں ہوتے، اس لیے عوام کی خدمت اور ان کے خواب پورے کرنا ان کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔
چکوال یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ خیبرپختونخوا سے بھی ہونہار طلبہ تقریب میں شریک ہوئے ہیں، جنہیں اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم میں بھی خیبرپختونخوا کے طلبہ کا حصہ رکھا گیا ہے۔
چکوال میں صحت اور تعلیم کی سہولیات
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے شہروں میں علاج کی مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث مریضوں کو بڑے شہروں میں منتقل کرنا پڑتا تھا، تاہم اب چکوال میں دل کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ان کے مطابق لاہور کے کیتھ لیب کی طرز کی سہولت چکوال میں بھی موجود ہے، جبکہ اسکول آف ایمننس جیسا تعلیمی ادارہ بھی شہر میں قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چکوال کے لیے مزید گرین بسیں بھی لائی جا رہی ہیں۔
پنجاب میں اب ڈالہ کلچر، بدمعاشی اور سفارش نہیں، صرف میرٹ چلتا ہے، مریم نواز
اپنا گھر اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں لاکھوں افراد اپنا گھر اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں اور اس منصوبے کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو اپنا گھر مل جاتا ہے، اسے اپنے مستقبل کی ضمانت مل جاتی ہے۔
پنجاب میں میرٹ کی حکمرانی کا دعویٰ
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سفارش کے بجائے میرٹ کو ترجیح دی جانی چاہیے، کیونکہ سفارش پر آنے والا شخص لازمی طور پر اہل نہیں ہوتا۔ ان کے بقول پنجاب میں اب میرٹ کی حکمرانی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت سدا نہیں رہتی اور اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ نہیں، تاہم وہ عوام کے خواب پورے کرنے کی کوشش جاری رکھیں گی۔
ماخذ: جیو نیوز
