جہلم کے علاقے پنڈ دادن خان میں پولیس نے اے ٹی ایم بوتھ سے رقم نکلوانے والی خاتون ٹیچر کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور ان سے نقدی، موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ چھیننے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔
اے ٹی ایم بوتھ میں خاتون ٹیچر سے واردات
پولیس کے مطابق خاتون ٹیچر نے تھانہ پنڈ دادن خان میں درخواست دی کہ وہ یو بی ایل بینک کے اے ٹی ایم بوتھ سے رقم نکلوا رہی تھیں کہ اس دوران ایک شخص نے انہیں ہراساں کیا اور ان سے نقدی، موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ چھین کر فرار ہوگیا۔
خاتون کی درخواست کے مطابق ملزم 20 ہزار روپے نقدی، تقریباً 50 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ لے کر فرار ہوا تھا۔
پولیس کی کارروائی، مسروقہ سامان برآمد
واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ پنڈ دادن خان پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے خاتون ٹیچر کی چھینی گئی 20 ہزار روپے نقدی، موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد کر لیے گئے ہیں۔
جہلم پولیس کی کارروائی، چوری ہونے والی 2 لاکھ روپے کی رقم خاتون کو واپس
خواتین کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے واقعے پر کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ماخذ: جہلم پولیس
